مقامی ۱۲ اگست ۲۰۲۶

کوئٹہ، پیشہ ور بھکاریوں کی بھرمار، شہریوں کا سخت ردعمل، کارروائی کا مطالبہ

کوئٹہ (ویب نیوز) بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں پیشہ ور بھکاریوں کی بڑھتی ہوئی تعداد نے شہریوں کو شدید پریشانی میں مبتلا کردیا ہے۔ شہر کے مصروف بازاروں، سڑکوں، چوراہوں اور ٹریفک سگنلز پر بڑی تعداد میں بھکاری مرد، خواتین اور بچے بھیک مانگتے دکھائی دیتے ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ بعض افراد کی جانب سے زبردستی بھیک مانگنا، گاڑیوں کی کھڑکیاں بجانا اور خواتین و بچوں کو جذباتی طور پر استعمال کرنا معمول بن چکا ہے، جبکہ جیب تراشی، چوری اور فراڈ میں بعض پیشہ ور گداگروں کے ملوث ہونے کی شکایات بھی سامنے آتی رہی ہیں۔ بھکاری شہر کے بڑے بازاروں، اسپتالوں، عبادت گاہوں اور تعلیمی اداروں کے باہر بھی جمع ہوجاتے ہیں، جس سے شہریوں اور دکانداروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ شہری حلقوں نے ضلعی انتظامیہ اور پولیس کی خاموشی پر سوال اٹھاتے ہوئے حکومت بلوچستان، کمشنر کوئٹہ اور ڈپٹی کمشنر کوئٹہ سے مطالبہ کیا ہے کہ پیشہ ور بھکاریوں کے خلاف فوری کریک ڈاؤن کیا جائے، منظم گروہوں کی نشاندہی کرکے قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے، بچوں کو بھیک مانگنے کے لیے استعمال کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے اور حقیقی مستحق افراد کے لیے فلاحی اداروں و بحالی مراکز کا انتظام کیا جائے۔