مقامی ۵ اگست ۲۰۲۶

کشمیر کا سودا کسی صورت قبول نہیں، امریکہ کے اشاروں پر فیصلے ناقابلِ قبول ہیں، جے یو آئی کوئٹہ

کوئٹہ (ویب نیوز) جمعیت علماء اسلام ضلع کوئٹہ کے امیر مولانا عبدالرحمن رفیق اور سیکرٹری جنرل حاجی عین اللہ شمس نے کہا ہے کہ امریکہ کے اشاروں پر کشمیر کا سودا کسی صورت قبول نہیں کیا جائے گا، کشمیری عوام آج بھی ظلم، جبر اور خونریزی کا شکار ہیں جبکہ امت مسلمہ کی ذمہ داری ہے کہ وہ کشمیری عوام کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار جے یو آئی ضلع کوئٹہ کے مختلف تنظیمی اجلاسوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ضلع کوئٹہ کے مختلف یونٹس میں تنظیمی دورے بھی کیے گئے، جن میں سیدنا بلال یونٹ میاں غنڈی، خالد بن ولید یونٹ کلی نورالدین میاں غنڈی، فاروقی یونٹ کلی احمد خانزئی کشمیر آباد، ابوبکر صدیق یونٹ کلی بنگلزئی، مفتی محمود یونٹ ہزار گنجی سمیت دیگر یونٹس شامل تھے۔ اجلاسوں میں تنظیمی استحکام، کارکنوں کی فعالیت، رکن سازی، عوامی رابطہ مہم اور جماعتی پیغام کو گھر گھر پہنچانے پر زور دیا گیا۔ مقررین نے کہا کہ جمعیت علماء اسلام آئین کی بالادستی، جمہوریت کے استحکام، عوامی حقوق کے تحفظ اور مسئلہ کشمیر پر واضح قومی مؤقف کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔ اجلاسوں میں تنظیمی کارکردگی کا جائزہ لینے کے ساتھ آئندہ کے لائحہ عمل پر بھی مشاورت کی گئی۔