ژوب (ویب نیوز) ژوب میں یومِ آزادی پاکستان شایانِ شان طریقے سے منایا گیا، کمشنر دفتر میں پرچم کشائی کی تقریب منعقد ہوئی جبکہ ایف سی ژوب ملیشیا کے زیر اہتمام فٹبال ٹورنامنٹ کا شاندار فائنل میچ بھی کھیلا گیا جس کے مہمان خصوصی بریگیڈیئر محمد اظہر خان تھے۔ بی آر ایس پی اور پاکستان پاورٹی ایلیویشن فنڈ (PPAF) کے اشتراک سے الہدیٰ مثالی گرلز ماڈل ہائی اسکول میں یومِ آزادی پاکستان کی مناسبت سے خصوصی تقریب منعقد ہوئی، جس کے مہمان خصوصی رکن صوبائی اسمبلی حاجی فضل قادر مندوخیل تھے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے حاجی فضل قادر مندوخیل نے کہا کہ پاکستان ایک خودمختار ریاست ہے جس نے ہمیں الگ شناخت دی، اب وقت آگیا ہے کہ ہم ملک کی ترقی، خوشحالی اور استحکام کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔ پاکستان ہم سب کا ملک ہے اور اس کی تعمیر و ترقی کے لیے قوم کو متحد ہوکر آگے بڑھنا ہوگا۔ انہوں نے پاکستان پاورٹی ایلیویشن فنڈ اور بی آر ایس پی کی جانب سے یومِ آزادی کے موقع پر تعلیمی اداروں میں ایسی سرگرمیوں کے انعقاد کو سراہتے ہوئے کہا کہ نوجوان نسل کو ملک کی ترقی کے سفر میں فعال کردار ادا کرنے کے مواقع فراہم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ بی آر ایس پی کے ڈسٹرکٹ پروگرام منیجر قطب خان مندوخیل نے کہا کہ ’’مل کر ہیں تو مضبوط اور ترقی پذیر پاکستان‘‘ کے عنوان سے ملک کا 79واں یومِ آزادی مناتے ہوئے آزادی کی راہ ہموار کرنے والی قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا جا رہا ہے، ایک جامع، مضبوط اور متحد پاکستان کی تعمیر کے لیے اجتماعی کوششیں جاری رکھنا ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پاورٹی ایلیویشن فنڈ کے تعاون سے لائیو اسٹاک سپورٹ پروجیکٹ پر عملدرآمد کرنے والی پارٹنر تنظیم کی حیثیت سے بی آر ایس پی اس قومی مہم کا حصہ بننے پر فخر محسوس کرتی ہے۔ تقریب میں طلبہ و طالبات نے قومی ترانہ، تقریری مقابلوں اور خوبصورت ٹیبلو پیش کیے جنہیں شرکاء نے خوب سراہا۔ تقریب سے جنرل سیکرٹری پرائیویٹ اسکول ایسوسی ایشن محمد حسن اور ڈائریکٹر قطب خان نے بھی خطاب کیا جبکہ بی آر ایس پی کے ڈسٹرکٹ ایڈمن آفیسر عبدالصبور، صحافی رفیق مندوخیل سمیت دیگر افراد نے شرکت کی۔ تقریب کے اختتام پر نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات میں انعامات تقسیم کیے گئے۔
