ژوب(ویب نیوز) ژوب کے شہریوں نے شہر کے مختلف چوراہوں اور بازاروں میں ایک گروہ کی جانب سے مبینہ طور پر منظم بھیک مانگنے کی سرگرمیوں پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔ شہریوں کے مطابق مبینہ اطلاعات کے تحت یہ افراد سندھ سے ژوب آئے ہیں اور صبح کے اوقات میں خواتین کو رکشوں کے ذریعے شہر کے مختلف چوراہوں اور بازاروں میں اتارا جاتا ہے تاکہ وہ لوگوں سے پیسے مانگیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ منظم انداز میں بھیک مانگنے کی سرگرمیوں کے باعث انہیں بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ شہریوں نے ضلعی انتظامیہ، میونسپل کمیٹی اور متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ معاملے کا نوٹس لے کر صورتحال کا مکمل جائزہ لیا جائے اور اگر یہ ثابت ہو کہ مذکورہ افراد غیر قانونی طور پر بھیک مانگنے میں ملوث ہیں تو قانون کے مطابق کارروائی کی جائے۔ شہریوں نے مطالبہ کیا کہ ژوب بازار کو منظم رکھنے اور شہر کو منظم بھیک مانگنے کی سرگرمیوں سے پاک کرنے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔
