چھتر(ڈیلی صداقت انٹرنیشنل) بلوچستان کے معروف سیاسی و قبائلی رہنما میر امداد حسین مری نے ڈی سی چوک ڈیرہ مراد جمالی میں پولیس موبائل کے قریب ہونے والے دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ واقعہ نہ صرف امن و امان کی صورتحال کو خراب کرنے کی مذموم کوشش ہے بلکہ معصوم شہریوں اور پولیس اہلکاروں کو نشانہ بنانا کھلی دہشت گردی ہے انہوں نے کہا کہ اس بزدلانہ کارروائی میں پولیس اہلکاروں اور شہریوں کا زخمی ہونا انتہائی افسوسناک، قابلِ مذمت اور انسانیت سوز عمل ہے اپنے ایک مذمتی بیان میں میر امداد حسین مری نے کہا کہ بلوچستان کے عوام امن، ترقی اور خوشحالی چاہتے ہیں، مگر شرپسند عناصر صوبے کے پرامن ماحول کو خراب کرکے خوف و ہراس پھیلانے کی ناکام کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایسی بزدلانہ کارروائیاں عوام کے حوصلے پست نہیں کر سکتیں اور نہ ہی دہشت گرد اپنے مذموم مقاصد میں کامیاب ہوں گے۔ عوام، قانون نافذ کرنے والے ادارے اور محب وطن قوتیں متحد ہو کر دہشت گردی کے ناسور کا مقابلہ کریں گی انہوں نے کہا کہ پولیس اور سیکیورٹی ادارے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرکے عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنا رہے ہیں، پوری قوم ان کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ انہوں نے زخمی ہونے والے پولیس اہلکاروں اور شہریوں سے دلی ہمدردی و یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے ان کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی میر امداد حسین مری نے صوبائی حکومت اور متعلقہ قانون نافذ کرنے والے اداروں سے مطالبہ کیا کہ واقعے کی فوری اور شفاف تحقیقات کی جائیں اور اس میں ملوث عناصر کو جلد از جلد گرفتار کرکے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے تاکہ آئندہ ایسے افسوسناک واقعات کی روک تھام ممکن بنائی جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ قیامِ امن کے لیے تمام سیاسی، سماجی اور قبائلی قوتوں کو مشترکہ کردار ادا کرنا ہوگا تاکہ بلوچستان میں پائیدار امن قائم رہ سکے۔
