ڈیرہ بگٹی(صداقت انٹرنیشنل ویب ڈیسک)پنجاب اور بلوچستان کی سرحدی پٹی سے ملحقہ ضلع ڈیرہ بگٹی کے دور افتادہ علاقے ریخو جنترو میں مبینہ طور پر پرانی دشمنی کے نتیجے میں فائرنگ کا ہولناک واقعہ پیش آیا ہے، جس میں شمبانی بگٹی قبیلے سے تعلق رکھنے والے دو افراد جان کی بازی ہار گئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق گزشتہ روز ریخو جنترو کے مقام پر شمبانی بگٹی قبیلے کے دو مسلح گروہوں کے درمیان دیرینہ رنجش اور خاندانی تنازع کی بنا پر اچانک فائرنگ کا شدید تبادلہ ہوا، جس کی زد میں آ کر دو افراد موقع پر ہی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔مقامی ذرائع نے جاں بحق ہونے والے افراد کی شناخت میر حسن ولد مانجھی شمبانی اور محمد حسن عرف مٹھو ولد جاڑا شمبانی کے ناموں سے کی ہے۔ خونی واقعے کے فورا بعد علاقے میں شدید خوف و ہراس اور کشیدگی پائی جاتی ہے جبکہ دونوں جانب سے مورچہ بندیاں بھی دیکھنے میں آئی ہیں۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی متعلقہ انتظامیہ اور لیویز فورس نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر صورتحال کو کنٹرول کرنے کی کوشش کی، جبکہ واقعے کے محرکات کی جانچ اور مزید قانونی کارروائی متعلقہ حکام کی جانب سے ہنگامی بنیادوں پر جاری ہے۔
