ڈیرہ بگٹی(صداقت ویب)پاکستان چوک ڈیرہ بگٹی میں جوڈیشل عدالت کی عمارت کے سامنے نامعلوم مسلح افراد نے پرانی دشمنی کی بنا پر دن دیہاڑے اندھا دھند فائرنگ کر کے دو افراد کو نشانہ بنا دیا۔ فائرنگ کے نتیجے میں ایک شخص ویز علی عرف وڈو صوبازئی راہیجہ بگٹی موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا، جبکہ حاجی میران کرمانزئی راہیجہ بگٹی، جو دونوں فریقین کے درمیان صلح صفائی کی مخلصانہ کوششیں کر رہے تھے، فائرنگ کی زد میں آکر شدید زخمی ہو گئے۔ واقعے کے فورا بعد شدید زخمی حاجی میران بگٹی کو فوری ابتدائی طبی امداد کے لیے پی پی ایل فیلڈ ہسپتال سوئی منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے ان کی جان بچانے کی بھرپور کوشش کی۔ دوسری جانب چیف منسٹر بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی خصوصی ہدایت پر زخمی حاجی میران بگٹی کو مزید بہتر علاج کے لیے ایئر ایمبولینس کے ذریعے فوری طور پر صوبے سے باہر منتقل کرنے کی تمام تر تیاریاں بھی مکمل کر لی گئی تھیں، تاہم وہ دورانِ علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے سوئی ہسپتال میں ہی اپنے خالقِ حقیقی سے جا ملے۔فائرنگ کے اس انتہائی افسوسناک واقعے میں دونوں افراد کے جان کی بازی ہار جانے کے بعد پورے علاقے میں شدید سوگ کی فضا چھا گئی ہے اور پرہجوم کاروباری علاقے میں دن دیہاڑے دہشت گردی کے اس واقعے پر شہریوں میں شدید خوف و ہراس اور تشویش پھیل گئی ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ شہر کے مرکزی اور اہم ترین مقام پاکستان چوک پر پیش آنے والا یہ ہولناک واقعہ مقامی انتظامیہ اور امن و امان کی صورتحال پر سنگین سوالات اٹھاتا ہے۔ شہری و عوامی حلقوں نے حکومت سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ واقعے میں ملوث سفاک عناصر کو فوری طور پر گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے تاکہ عوام میں پائی جانے والی بے چینی اور عدم تحفظ کا خاتمہ ہو سکے۔ پولیس ذرائع کے مطابق واقعے کی مختلف پہلوں سے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں اور مفرور ملزمان کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر ناکہ بندی کر کے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
