مقامی ۱۰ جون ۲۰۲۶

ڈاکٹر ماہ نور ناصر کے والد نے ملزم کا رشتہ آنے کی خبروں کو جھوٹا قرار دے دیا

کوئٹہ،کراچی(صداقت ویب سائٹ) ڈاکٹر ماہ نور ناصر کے والد حبیب اللہ ناصر نے میڈیا میں گردش کرنے والی ان خبروں کی تردید کی ہے جن میں دعوی کیا گیا تھا کہ ملزم ہمایوں شاہ کی جانب سے ڈاکٹر ماہ نور ناصر کے لیے رشتہ بھیجا گیا تھا۔کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حبیب اللہ ناصر نے کہا کہ ہمایوں شاہ یا اس کے خاندان کی جانب سے انہیں کسی قسم کا رشتہ موصول نہیں ہوا۔ انہوں نے واضح کیا کہ اس حوالے سے مختلف میڈیا پلیٹ فارمز اور سوشل میڈیا پر چلنے والی خبریں بے بنیاد، من گھڑت اور حقائق کے منافی ہیں۔حبیب اللہ ناصر کا کہنا تھا کہ خبر نشر کرنے سے قبل متعلقہ فریق سے موقف اور تصدیق حاصل کرنا ذمہ دار صحافت کا بنیادی تقاضا ہے۔ انہوں نے میڈیا اداروں سے اپیل کی کہ غیر مصدقہ اطلاعات کی اشاعت سے گریز کیا جائے اور خبر کی تصدیق کے بعد ہی اسے نشر کیا جائے۔انہوں نے مزید کہا کہ خاندان کا نام غیر ضروری طور پر ایک تنازع میں گھسیٹنے کی کوشش کی جا رہی ہے، جبکہ سوشل میڈیا پر گردش کرنے والے دعووں میں کوئی صداقت نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر ماہ نور ناصر کے حوالے سے پھیلائی جانے والی افواہوں کی سختی سے تردید کرتے ہیں اور عوام سے گزارش ہے کہ وہ غیر مصدقہ خبروں پر یقین نہ کریں۔حبیب اللہ ناصر نے کہا کہ خاندان کی ساکھ کو نقصان پہنچانے والی جھوٹی اور بے بنیاد خبروں کے خلاف قانونی کارروائی کا حق محفوظ رکھتے ہیں۔