کوئٹہ(ویب نیوز) پاکستان بار کونسل کے رکن بلوچستان اور بلوچستان بار کونسل کے وائس چیئرمین نے ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ اور صبغت اللہ عرف شاہ جی کے مقدمات اور گرفتاریوں پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان مقدمات میں منصفانہ ٹرائل اور بنیادی انسانی حقوق کے حوالے سے سنگین سوالات پیدا ہو رہے ہیں۔ بیان میں کہا گیا کہ ملزمان کے منتخب وکلا کو مبینہ طور پر قانونی جواز کے بغیر ہٹا کر سرکاری وکلا مقرر کیے گئے، جس پر اعتراضات موجود ہیں۔ مزید کہا گیا کہ متعلقہ جج پر اعتراض کی درخواست کو ریکارڈ کا حصہ نہ بنانے اور بعض قانونی درخواستوں پر فوری سماعت نہ ہونے سے عدالتی شفافیت پر سوالات اٹھے ہیں۔ بلوچستان بار کونسل کے مطابق انصاف کا تقاضا صرف یہ نہیں کہ انصاف کیا جائے بلکہ یہ بھی ضروری ہے کہ انصاف ہوتا ہوا نظر آئے۔ بیان میں متعلقہ عدالتی اور آئینی فورمز سے مطالبہ کیا گیا کہ معاملے کا غیر جانبدارانہ اور شفاف جائزہ لیا جائے تاکہ منصفانہ ٹرائل اور آئینی حقوق کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔
