کوئٹہ(ویب نیوز)نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنما، سابق سینیٹر اور دانشور میر طاہر بزنجو نے ڈاکٹر عائشہ فیض کی گرفتاری پر سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے والد ملک فیض جان یوسفزئی نیشنل پارٹی کے ابتدائی اور اہم سیاسی رہنماؤں میں شامل تھے جنہوں نے زندگی کے آخری لمحے تک ملک اور عوام کی خدمت کی۔ میر طاہر بزنجو نے کہا کہ کسی کو ڈاکٹر عائشہ فیض کے خیالات سے اختلاف ہوسکتا ہے، تاہم ان کے خلاف دہشت گردی کے مقدمات درج کرنا اور انہیں گرفتار کرنا کسی بھی طرح سیاسی یا اخلاقی طور پر جائز نہیں۔ انہوں نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا کہ ڈاکٹر عائشہ فیض کو فوری طور پر باعزت طور پر رہا کیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ سیاسی اختلافِ رائے کو مقدمات اور گرفتاریوں کے ذریعے دبانے کے بجائے اختلاف برداشت کرنے کے لیے جمہوری اور سیاسی ذرائع اختیار کیے جانے چاہئیں۔
