چمن ( صداقت نیوز) چمن میں چینی کی قیمتوں میں اچانک بڑے اضافے کے بعد شہریوں میں شدید تشویش پائی جا رہی ہے۔ مقامی مارکیٹ ذرائع کے مطابق گزشتہ روز تک 50 کلو چینی کا پارسل 7500 روپے میں فروخت ہو رہا تھا، تاہم آج یہی پارسل 8500 سے 9000 روپے تک فروخت کیا جا رہا ہے، جس کے باعث عام شہری خصوصاً غریب طبقہ شدید مشکلات سے دوچار ہو گیا ہے۔ عوامی حلقوں نے الزام عائد کیا ہے کہ ناجائز منافع خوری، ذخیرہ اندوزی اور مصنوعی مہنگائی کے ذریعے اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں خودساختہ اضافہ کیا جا رہا ہے۔ شہریوں نے حبیب احمد بنگلزئی سے مطالبہ کیا ہے کہ چینی کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے گرانفروشوں اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ عوام کو مزید استحصال سے بچایا جا سکے اور چینی کی قیمتوں کو کنٹرول کیا جا سکے۔
