چمن (ویب نیوز) مظلوم اولسی تحریک کے سربراہ اور کابینہ نے چمن میں امن و امان کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہر میں چوری، بدامنی اور عوامی مشکلات میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، تاہم پولیس امن و امان کے قیام کے بجائے شریف شہریوں کو ہراساں کرنے میں مصروف دکھائی دیتی ہے۔ تحریک کے رہنماؤں نے کہا کہ پولیس کی بنیادی ذمہ داری عوام کی جان و مال کا تحفظ اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائی کرنا ہے، لیکن چمن میں صورتحال اس کے برعکس نظر آ رہی ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ پولیس عوام کو بلاوجہ تنگ کرنے سے گریز کرے اور جرائم کے خاتمے اور شہریوں کے تحفظ پر بھرپور توجہ دے۔ انہوں نے مزید کہا کہ رشوت خوری سمیت ہر قسم کی غیر قانونی سرگرمیوں کا فوری خاتمہ اور پولیس نظام میں شفافیت یقینی بنائی جائے تاکہ قانون نافذ کرنے والے اداروں پر عوام کا اعتماد بحال ہو سکے۔ مظلوم اولسی تحریک نے خبردار کیا کہ اگر پولیس نے اپنا رویہ درست نہ کیا اور چمن کے عوام کو تحفظ فراہم نہ کیا گیا تو عوام کے حقوق کے لیے احتجاج کا راستہ اختیار کرنے پر مجبور ہوں گے۔ تحریک کے رہنماؤں نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا کہ چمن میں امن و امان کی فوری بحالی، جرائم پیشہ عناصر کے خلاف مؤثر کارروائی اور پولیس نظام میں شفافیت کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں۔
