مقامی ۲۳ مئی ۲۰۲۶

چاغی سے اغوا ہونے والے 20 افراد بحفاظت بازیاب، سیکیورٹی فورسز کی بڑی کامیابی

نوشکی: ضلع چاغی سے چند روز قبل اغوا کیے گئے 20 افراد کو سیکیورٹی فورسز نے کامیاب اور منظم کارروائی کے بعد بحفاظت بازیاب کرا لیا ہے۔ بازیاب ہونے والوں میں ایک نجی کمپنی کے 16 مزدور بھی شامل ہیں جنہیں 19 مئی کو نامعلوم مسلح افراد نے اغوا کیا تھا۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق مغویوں کو نوشکی کے علاقے احمد وال سے خفیہ اطلاعات پر مبنی کارروائی کے دوران بازیاب کرایا گیا، جس کے بعد اہل خانہ میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔ حکام کے مطابق یہ کامیابی سیکیورٹی اداروں کی مربوط حکمت عملی اور مسلسل نگرانی کا نتیجہ ہے، جبکہ بازیاب افراد کو ابتدائی طبی معائنے کے بعد ان کے اہل خانہ کے حوالے کر دیا گیا ہے۔