کوئٹہ(ویب نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما اور بلوچستان کے صوبائی وزیر صحت بخت محمد کاکڑ نے کہا ہے کہ بلوچستان کے سنگین مسائل سے نکلنے کا راستہ مضبوط جمہوری نظام، مؤثر پالیسیوں اور عوام کی براہ راست شرکت سے ہو کر گزرتا ہے، جبکہ پیپلز پارٹی صوبے کی ترقی اور محروم طبقات کے حقوق کے تحفظ کے لیے عملی جدوجہد کر رہی ہے۔ مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بلوچستان کو کئی دہائیوں سے نظر انداز کیا گیا، تاہم پیپلز پارٹی واحد سیاسی جماعت ہے جو صوبے کو قومی سیاسی عمل میں مضبوط مقام دلانا چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت صحت، تعلیم اور روزگار کے شعبوں میں اہم فیصلے کر رہی ہے، جبکہ ہسپتالوں کی اپ گریڈیشن، دور دراز علاقوں میں ڈاکٹروں کی تعیناتی اور نئی لیبارٹریوں کا قیام عوام کو حقیقی سہولیات فراہم کرے گا۔ بخت محمد کاکڑ نے کہا کہ صحت ان کی جماعت کی اولین ترجیح ہے اور آنے والے مہینوں میں بڑے سرکاری ہسپتالوں میں جدید طبی آلات، تیز رفتار ایمبولینس سروس اور ای ہیلتھ سسٹم متعارف کرایا جائے گا۔ انہوں نے اپوزیشن پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بعض سیاسی عناصر صرف تنقید کی سیاست کرتے ہیں، جبکہ پیپلز پارٹی عوامی خدمت اور عملی کام پر یقین رکھتی ہے اور موجودہ حکومت کے دور میں عوامی مفاد کے منصوبوں کو ترجیح دی جائے گی۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ جھوٹے پروپیگنڈے اور منفی سیاست سے دور رہیں اور ترقی، استحکام اور عوامی فلاح کے لیے پیپلز پارٹی کا ساتھ دیں۔
