کوئٹہ(صداقت انٹرنیشنل ویب ڈیسک)صوبائی دارالحکومت کوئٹہ کے علاقے پٹیل روڈ پر دو مسلح نقاب پوش موٹر سائیکل سوار افراد کی فائرنگ سے تین پولیس اہلکار زخمی ہو گئے ہیں۔ پولیس ذرائع کے مطابق پٹیل روڈ پر معمول کے گشت کے دوران جب پولیس نے ایک موٹر سائیکل پر سوار دو مشکوک نقاب پوش افراد کو روکنے کی کوشش کی، تو ملزمان نے رکنے کے بجائے اہلکاروں پر اندھا دھند فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں دو پولیس اہلکار زخمی جبکہ ایک اہلکار شدید زخمی ہو گیا۔واقعے کے فورا بعد ملزمان فائرنگ کرتے ہوئے موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے، جبکہ زخمی ہونے والے تمام اہلکاروں کو فوری طور پر طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جہاں انہیں علاج فراہم کیا جا رہا ہے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر پورے علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور مفرور ملزمان کی گرفتاری کے لیے وسیع پیمانے پر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے، جبکہ شہر کے مختلف داخلی و خارجی راستوں اور اہم مقامات پر ناکہ بندی بھی سخت کر دی گئی ہے۔ دوسری جانب عوامی حلقوں نے شہر میں پیش آنے والے اس واقعے پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اعلی حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ پولیس پر حملہ کرنے والے عناصر کو فوری گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے تاکہ شہریوں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔
