مقامی ۱۰ اگست ۲۰۲۶

پنجگور کے چیدگی میں پانچ افراد کی لاشیں برامد، سکیورٹی فورسز کا پانچ دہشت گردوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ

پنجگور (یب نیوز) پنجگور کے سرکینی اور چیدگی علاقوں میں سکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے ’’فتنہ الہندستان‘‘ گروپ کے اہم کمانڈر وزیر ولد جمال سمیت پانچ دہشت گردوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق کارروائی کے دوران ہلاک افراد کے قبضے سے چار موٹر سائیکلیں، مشین گنیں، بھاری اسلحہ اور گولہ بارود بھی برامد کیا گیا۔ ذرائع کا دعویٰ ہے کہ ہلاک افراد علاقے میں تاجروں اور دیگر شہریوں سے لوٹ مار، بھتہ خوری، اغوا اور دہشت گردانہ سرگرمیوں میں ملوث تھے۔ دوسری جانب پنجگور کے علاقے چیدگی سے پانچ نامعلوم افراد کی لاشیں بھی برامد ہوئی ہیں جنہیں شناخت کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ اسپتال حکام کے مطابق پانچ لاشوں میں سے حافظ مدثر، رہائشی سندے سر، اور پیر جان کچکول، رہائشی رائے نگور، کی شناخت ہو گئی ہے، جبکہ تین دیگر لاشوں کی شناخت تاحال نہیں ہو سکی۔ پولیس اور اسپتال انتظامیہ نے ممکنہ لواحقین سے رابطے کی اپیل کی ہے۔ علاقے میں ممکنہ دیگر مسلح افراد کی تلاش اور خاتمے کے لیے سرچ اور کلیئرنس اپریشن بھی جاری ہے۔