کوئٹہ: پشین کے علاقے سرخاب کیمپ میں محکمہ انسداد دہشت گردی نے خفیہ اطلاع پر بڑی کارروائی کرتے ہوئے فائرنگ کے شدید تبادلے کے بعد 4 مبینہ دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔ سی ٹی ڈی ترجمان کے مطابق کالعدم تنظیم سے تعلق رکھنے والے مسلح عناصر کسی بڑی تخریب کاری کی منصوبہ بندی میں مصروف تھے جن کے ٹھکانے کو گھیرے میں لیتے ہی انہوں نے فائرنگ شروع کر دی، جس پر جوابی کارروائی میں تمام 4 دہشت گرد موقع پر مارے گئے۔ حکام کے مطابق ہلاک دہشت گردوں کی لاشیں شناخت اور قانونی کارروائی کے لیے سول اسپتال کوئٹہ منتقل کر دی گئی ہیں جبکہ کارروائی کے دوران بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا ہے۔ علاقے میں سرچ آپریشن اور سیکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے۔
