مقامی ۶ جون ۲۰۲۶

پشتونخوا وطن میں جعلی الاٹمنٹس کسی صورت منظور نہیں، داراخان جوگیزئی

مسلم باغ (ویب نیوز) پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے زیر اہتمام مسلم باغ میں غیر قانونی الاٹمنٹس، عوامی حقوق کی پامالی، پیٹرول کی مصنوعی قلت اور بڑھتی ہوئی بدامنی کے خلاف احتجاجی مظاہرہ منعقد کیا گیا۔ مظاہرے کی صدارت ضلعی سیکرٹری حاجی داراخان جوگیزئی نے کی۔ مقررین نے کہا کہ پشتون علاقوں میں عوامی حقوق پر کسی قسم کا سمجھوتہ قبول نہیں کیا جائے گا اور متنازع یا غیر قانونی الاٹمنٹس کے خلاف ہر سطح پر آواز اٹھائی جائے گی۔ رہنماؤں نے مہنگائی، بے روزگاری، منشیات کے بڑھتے رجحان اور عوامی مسائل پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ ہائی کورٹ کے فیصلوں پر عمل درآمد کیا جائے، مقامی قبائل کے حقوق کو تسلیم کیا جائے اور قدرتی وسائل سے حاصل ہونے والی آمدنی میں مقامی آبادی کو حصہ دیا جائے۔ مظاہرین نے خبردار کیا کہ عوامی مسائل حل نہ کیے گئے تو احتجاج کا دائرہ مزید وسیع کیا جائے گا۔