مقامی ۱۳ جون ۲۰۲۶

پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کا کلی شیخان میں شمولیتی اجتماع، 20 خاندانوں کے 80 افراد پارٹی میں شامل

کوئٹہ((وېب نيوز)پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کے صوبائی صدر نصراللہ خان زیرے، صوبائی ڈپٹی سیکریٹری عبدالرزاق خان بڑیچ، عبدالعلی اچکزئی اور ملک جہانزیب خان کاسی نے کلی شیخان، شیراز آباد گلی نمبر 2 میں انیس خان تاجک کی سربراہی میں منعقدہ ایک بڑے شمولیتی اجتماع سے خطاب کیا۔ اس موقع پر بیس خاندانوں سے تعلق رکھنے والے اسی (80) نئے ساتھیوں نے پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی میں باقاعدہ شمولیت کا اعلان کیا۔ مقررین نے نئے شامل ہونے والے افراد کا پرتپاک خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی میں عوام کی مسلسل شمولیت اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ ہماری اصولی سیاست، جمہوری جدوجہد اور عوام دوست مقف نے لوگوں کے دلوں میں مضبوط جگہ بنا لی ہے۔ پارٹی اپنے بانی رہنما مرحوم عبدالرحیم خان مندوخیل اور ملی شہید عثمان خان کاکڑ کے فلسف سیاست کی روشنی میں پشتون قوم کے حقوق، آئین کی بالادستی اور قومی وحدت کے لیے منظم جدوجہد کر رہی ہے۔مقررین نے موجودہ ملکی حالات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آج پشتون وطن میں امن و امان، سیاسی اور معاشی صورتحال انتہائی ابتر ہو چکی ہے۔ روزانہ کی بنیاد پر قتل و غارت گری، ٹارگٹ کلنگ، اغوا اور بدامنی کے واقعات رونما ہو رہے ہیں، لیکن حکومتیں عوام کے جان و مال کا تحفظ کرنے میں مکمل ناکام دکھائی دیتی ہیں۔ متعدد علاقوں میں حکومتی رِٹ کمزور پڑنے سے عوام عدم تحفظ اور بے بسی کا شکار ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ پارٹی موجودہ بحران کے خاتمے، وسائل کے تحفظ اور امن کے قیام کے لیے تمام سیاسی و جمہوری قوتوں سے مشاورت کا عمل مزید تیز کرے گی تاکہ ایک مشترکہ لائح عمل مرتب کیا جا سکے۔ اجتماع سے جمعہ خان بڑیچ، جبا خان مندوخیل اور انیس خان تاجک نے بھی خطاب کیا۔اجتماع کے دوران 21 جون کو قلعہ سیف اللہ فٹبال اسٹیڈیم میں منعقد ہونے والے ملی شہید عثمان خان کاکڑ کی شہادت کی پانچویں برسی کے عظیم الشان عوامی جلسے کی تیاریوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور عوام سے اس میں بھرپور شرکت کی اپیل کی گئی۔ اس موقع پر نئے تنظیمی یونٹ کا انتخاب بھی عمل میں لایا گیا، جس میں اتفاقِ رائے سے ملک باز محمد کو یونٹ سیکریٹری، الماس خان کو سینئر معاون جبکہ وسیم خان، عظیم خان، یوسف خان، محمود خان اور عتیق خان کو معاونین منتخب کیا گیا۔ پارٹی میں شمولیت اختیار کرنے والے نمایاں ناموں میں حاجی اکبر، ملک باز محمد، حاجی احمد جان، حاجی ظاہر، اشرف، جہانگیر اور دیگر شامل ہیں۔