مقامی ۱۰ جون ۲۰۲۶

پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کا مشترکہ اجلاس، ملی شہید عثمان خان کاکڑ کی 5ویں برسی 21 جون کو منانے کا فیصلہ

کوئٹہ(صداقت ویب سائٹ)پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کی صوبائی اور ضلعی ایگزیکٹوز کا مشترکہ اجلاس پارٹی کے مرکزی سیکریٹریٹ کوئٹہ میں صوبائی صدر نصراللہ خان زیرے کی صدارت میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں پارٹی کے سینئر ڈپٹی چیئرمین رضا محمد رضا، سینئر سیکریٹری سید قادر آغا ایڈووکیٹ، مرکزی سیکریٹری اطلاعات محمد عیسی روشان، مرکزی سیکریٹری اللہ نور خان، صوبائی سیکریٹری اول فقیر خوشحال کاکڑ سمیت صوبائی و ضلعی ایگزیکٹو کے دیگر اراکین نے شرکت کی۔ اجلاس میں متفقہ طور پر فیصلہ کیا گیا کہ پشتون قومی تحریک کے عظیم رہنما اور جمہوریت پسند سیاست دان ملی شہید عثمان خان کاکڑ کی شہادت کی پانچویں برسی رواں سال 21 جون کو قلعہ سیف اللہ کے فٹبال اسٹیڈیم میں ایک عظیم الشان عوامی و سیاسی جلسے کی صورت میں منائی جائے گی۔ اجلاس نے عزم ظاہر کیا کہ یہ تاریخی اجتماع پشتون قوم کے قومی اتحاد، جمہوری اقدار، آئین کی بالادستی، پارلیمانی جمہوریت، صوبائی خودمختاری، وسائل پر اختیار اور عوام کے بنیادی حقوق کے دفاع کا ایک مثر سیاسی اظہار ہوگا۔اجلاس کے شرکا نے ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال، صوبے میں امن و امان کی بگڑتی ہوئی صورتحال، عوامی مسائل، مہنگائی، بے روزگاری، تعلیم و صحت کی زبوں حالی اور پشتونوں کے قومی و جمہوری حقوق پر تفصیلی تبادلہ خیال کرتے ہوئے جمہوری و آئینی جدوجہد کو مزید منظم کرنے پر زور دیا۔ برسی کے جلسے کی تیاریوں کے لیے مختلف تنظیمی، انتظامی اور تشہیری کمیٹیاں تشکیل دی گئیں اور ضلعی و علاقائی کمیٹیوں کو عوامی رابطہ مہم، کارنر میٹنگز اور ورکرز کنونشنز تیز کرنے کی ہدایات جاری کی گئیں۔ قائدین نے کہا کہ ملی شہید عثمان خان کاکڑ نے اپنی پوری زندگی پشتون قوم کے حقوق، جمہوریت، انسانی حقوق، پارلیمانی بالادستی اور محکوم اقوام کے معاشی حقوق کے لیے وقف کر رکھی تھی اور انہوں نے ہر جبر و ناانصافی کے خلاف جرات مندانہ آواز بلند کی۔ شرکا نے عزم دہرایا کہ شہید کے سیاسی افکار اور مشن کو پوری استقامت کے ساتھ آگے بڑھایا جائے گا۔ آخر میں پارٹی کارکنوں، ہمدردوں اور عوام سے پرزور اپیل کی گئی کہ وہ 21 جون کو قلعہ سیف اللہ کے تاریخی اجتماع میں بھرپور شرکت کر کے اسے کامیاب بنائیں۔