کوئٹہ (ویب نیوز) پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی جنوبی پشتونخوا کے صوبائی سیکرٹری فقیر خوشحال خان کاسی نے کہا ہے کہ ملی شہید عثمان خان کاکڑ کی پانچویں برسی کے موقع پر قلعہ سیف اللہ میں منعقدہ تاریخی جلسہ عام پشتون قومی تحریک کی جدوجہد میں ایک اہم سنگِ میل ثابت ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام بالخصوص خواتین کی بڑی تعداد میں شرکت اس بات کا ثبوت ہے کہ پشتون معاشرے میں قومی شعور، سیاسی آگہی اور جمہوری اقدار مزید مضبوط ہو رہی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی آج پشتون قومی تحریک میں صفِ اول کی جماعت بن چکی ہے اور عوام کے دلوں کی آواز بن کر قومی حقوق، جمہوری اقدار، آئینی بالادستی، امن اور ترقی کے لیے جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہے۔ انہوں نے جلسے کی کامیابی پر مختلف علاقوں سے آنے والے کارکنوں، خواتین، نوجوانوں اور عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے عزم ظاہر کیا کہ پارٹی ملی شہید عثمان خان کاکڑ کے افکار اور مشن کو مزید قوت کے ساتھ آگے بڑھاتی رہے گی۔
