مقامی ۲۰ اگست ۲۰۲۶

پشتونخوا ملی عوامی پارٹی نے افغان عوام کو یوم آزادی کی 107ویں سالگرہ پر مبارکباد دی

کوئٹہ(ویب نیوز) پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے مرکزی سیکریٹریٹ سے جاری بیان میں افغانستان کی آزادی کی 107ویں سالگرہ کے موقع پر افغان عوام اور دنیا بھر میں مقیم افغان شہریوں کو دلی مبارکباد پیش کی گئی اور افغانستان کی آزادی، قومی خودمختاری اور استقلال کے لیے تاریخی جدوجہد کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔ بیان میں کہا گیا کہ 19 اگست افغانستان کی تاریخ کا ایک اہم اور قابلِ فخر دن ہے جو افغان عوام کی آزادی، قومی حاکمیت اور استعماری حکمرانی کے خلاف تاریخی جدوجہد کی یاد تازہ کرتا ہے۔ پارٹی نے افغانستان کی آزادی کی تاریخی جدوجہد کے عظیم رہنما شاہ غازی امان اللہ خان کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی قیادت میں افغان عوام نے 1919 میں 19 اگست کو اپنی قومی آزادی اور خودمختاری حاصل کی۔ بیان کے مطابق شاہ غازی امان اللہ خان نے آزادی کے بعد افغانستان کو ایک جدید، ترقی پسند اور خودمختار ریاست بنانے کے لیے اصلاحات کا آغاز کیا اور تعلیم، سماجی ترقی اور ریاستی اداروں کی مضبوطی کے لیے اہم اقدامات کیے۔ پشتونخوا ملی عوامی پارٹی نے کہا کہ افغانستان کی آزادی محض ایک تاریخی واقعہ نہیں بلکہ قومی آزادی، خودمختاری اور اپنے سیاسی مستقبل کا فیصلہ کرنے کے حق کی علامت ہے، جبکہ حقیقی آزادی اسی وقت مضبوط اور بامعنی ہو سکتی ہے جب افغان عوام کو سیاسی، اقتصادی، سماجی اور آئینی معاملات میں اپنی مرضی کے مطابق فیصلے کرنے کا مکمل حق حاصل ہو۔ پارٹی نے موجودہ افغان حکام سے مطالبہ کیا کہ تمام انسانی حقوق کا احترام اور تحفظ یقینی بنایا جائے، شہری آزادیوں کی ضمانت دی جائے اور خواتین و بچیوں کو تعلیم کے بنیادی اور تسلیم شدہ حق کی فراہمی یقینی بنائی جائے تاکہ وہ جلد از جلد تعلیمی اداروں میں اپنی تعلیم جاری رکھ سکیں۔ بیان میں مطالبہ کیا گیا کہ افغانستان کے تمام سیاسی، قومی، مذہبی، سماجی اور دیگر طبقات کی حقیقی نمائندگی پر مشتمل لویہ جرگہ طلب کیا جائے تاکہ افغان عوام کی مشترکہ مرضی سے ملک کے لیے نیا اور متفقہ آئین تشکیل دیا جا سکے، جس کے تحت آزاد، شفاف اور منصفانہ انتخابات کرائے جائیں اور اقتدار افغانستان کے عوام کے حقیقی منتخب نمائندوں کے حوالے کیا جائے۔ پارٹی نے اس یقین کا اظہار کیا کہ افغانستان میں پائیدار امن، سیاسی استحکام، قومی اتحاد اور ترقی عوام کی حقیقی سیاسی شرکت، جمہوری اصولوں، آئین کی بالادستی، انسانی حقوق کے احترام اور تمام افغان شہریوں کے مساوی حقوق کے ذریعے ہی ممکن ہے۔ پشتونخوا ملی عوامی پارٹی نے افغانستان کی آزادی، قومی خودمختاری، قومی اتحاد اور علاقائی سالمیت کی حمایت کرتے ہوئے افغانستان کے اندرونی معاملات میں ہر قسم کی بیرونی مداخلت کی مخالفت کی۔ بیان میں زور دیا گیا کہ افغانستان اور پاکستان کے تعلقات باہمی احترام، عدم مداخلت، برابری، امن اور دونوں ممالک کے عوام کے مفادات کی بنیاد پر قائم ہونے چاہئیں۔ پارٹی نے افغانستان کی آزادی کی 107ویں سالگرہ پر افغان عوام کو ایک بار پھر مبارکباد دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ افغانستان ایک آزاد، خودمختار، متحد، پرامن، جمہوری اور ترقی یافتہ ریاست کی حیثیت سے دنیا میں اپنا باوقار مقام حاصل کرے گا اور افغان عوام اپنے مستقبل کا فیصلہ آزادانہ طور پر خود کر سکیں گے۔