مقامی ۱۳ جون ۲۰۲۶

پشتونخواملی عوامی پارٹی کی ضلعی و تحصیل کابینہ اور کمیٹیاں تحلیل کردی

کوئٹہ(وېب نيوز)پشتونخواملی عوامی پارٹی کے صوبائی سیکرٹریٹ سے جاری کردہ ایک اہم تنظیمی بیان میں کہا گیا ہے کہ پارٹی کے صوبائی صدر عبدالقہار خان ودان نے اپنے آئینی اختیارات کا مینوئل استعمال کرتے ہوئے ضلع کوئٹہ کی ضلعی پارٹی کابینہ، ضلعی کمیٹی، اور کوئٹہ کی چاروں تحصیلوں کی تحصیل کابینہ، تحصیل کمیٹیوں سمیت ان کے تمام علاقائی پارٹی یونٹوں کی کابینہ کو فوری طور پر تحلیل کرنے کا اعلان کیا ہے۔ تاہم، صوبائی صدر نے ضلع کوئٹہ کے تمام ابتدائی یونٹوں کو سختی سے ہدایت کی ہے کہ وہ اپنی روزمرہ کی سیاسی و تنظیمی سرگرمیاں معمول کے مطابق جاری رکھیں۔صوبائی پریس ریلیز میں اس انتہائی اقدام کی وجوہات واضح کرتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ ضلع پارٹی کوئٹہ کے سیاسی و تنظیمی امور میں مسلسل رکاوٹیں کھڑی کی جا رہی تھیں اور پارٹی نظم و ضبط کی سنگین خلاف ورزیاں سامنے آ رہی تھیں۔ ان خرابیوں پر متعلقہ عہدیداروں کو بارہا متنبہ اور خبردار کرنے کے باوجود پارٹی کے سیاسی و تنظیمی کام میں کسی قسم کی کوئی بہتری نہیں لائی گئی۔ جس کے بعد آخر کار پارٹی کے صوبائی صدر نے کوئٹہ کے مذکورہ بالا تمام تنظیمی اداروں کو تحلیل کرنے کا حتمی فیصلہ کیا۔بیان میں کارکنوں کو مطلع کیا گیا ہے کہ پارٹی کے چیئرمین محترم محمود خان اچکزئی کی جانب سے ضلع کوئٹہ کے نئے پارٹی تنظیمی ڈھانچے کا جلد ہی باقاعدہ اعلان کیا جائے گا۔ بیان کے آخر میں تمام اراکین اور کارکنوں کو سخت تاکید کی گئی ہے کہ وہ ضلع کوئٹہ کی پارٹی تنظیم سازی سے متعلق سوشل میڈیا یا دیگر پلیٹ فارمز پر غیر ضروری پوسٹوں، بیانات اور تبصروں سے مکمل طور پر اجتناب برتیں۔ خلاف ورزی کے مرتکب پائے جانے والے اراکین کے خلاف پارٹی آئین کے تحت سخت تادیبی و انضباطی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔