کوئٹہ (ویب نیوز) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما اور رکن صوبائی اسمبلی شیخ زرک خان مندوخیل نے کہا ہے کہ ملک میں پائیدار استحکام اور ترقی کے لیے جمہوریت کا استحکام انتہائی ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ جمہوری نظام عوام کو اپنے نمائندے منتخب کرنے کا اختیار دیتا ہے اور پاکستان کے استحکام و روشن مستقبل کا واحد راستہ جمہوریت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی جمہوریت کے استحکام کے لیے ایک طویل تاریخ ہے اور جمہوریت کے فروغ کے لیے پارٹی قیادت سے لے کر کارکنوں تک بہت سے افراد نے قربانیاں دی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جمہوری نظام میں منتخب عوامی نمائندے عوام کی بہتر خدمت کر سکتے ہیں اور جمہوریت کا استحکام ان کا بنیادی مقصد ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بلوچستان میں اتحادی حکومت جمہوری عمل کی ایک اچھی مثال ہے اور عوام کی خدمت کے لیے تمام سیاسی جماعتوں کو اپنے نظریات کے ساتھ مل کر آگے بڑھنا چاہیے۔ انہوں نے عالمی یوم جمہوریت کے موقع پر سیکیورٹی فورسز سمیت تمام شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے عوام سے اپیل کی کہ جمہوریت کے استحکام کے لیے سب مل کر اپنا کردار ادا کریں۔
