کوئٹہ(ویب نیوز)بلوچستان کے صوبائی وزیر صحت بخت محمد کاکڑ نے پاکستان، ترکیہ اور سعودی عرب کے درمیان تاریخی مشترکہ دفاعی معاہدے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ اتحاد اسلامی دنیا کے لیے دفاعی اور اسٹریٹجک تعاون کے ایک نئے اور مضبوط دور کا آغاز ہے۔ انہوں نے کہا کہ تینوں برادر اسلامی ممالک کے درمیان یہ قدم باہمی تعلقات کو مزید مضبوط کرے گا۔ پاکستان کی دفاعی صلاحیت، ترکیہ کی جدید ٹیکنالوجی اور سعودی عرب کی اقتصادی و اسٹریٹجک اہمیت مل کر خطے میں متوازن قوت پیدا کرسکتی ہے۔ بخت محمد کاکڑ نے کہا کہ یہ معاہدہ کسی ملک کے خلاف نہیں بلکہ مشترکہ سلامتی اور علاقائی امن کے تحفظ کے لیے ہے، جس کے نتیجے میں جدید ٹیکنالوجی، تربیت اور مشترکہ حکمت عملی کے شعبوں میں تعاون کے نئے راستے کھلیں گے اور یہ پیش رفت آنے والی نسلوں کے لیے ایک محفوظ خطے کی بنیاد ثابت ہوگی۔
