مقامی ۱۳ مئی ۲۰۲۶

ٹرانسپورٹ کا شعبہ تباہ ہوچکا ہے‘عبد الباری مشوانی

کوئٹہ/کراچی (صداقت انٹرنیشنل ویب نیوز )کوئٹہ کراچی بس یونین کراچی کے جنرل سیکرٹری عبد الباری مشوانی نے ٹرانسپورٹروں سے بات چیت کرتے ہوئے قومی شاہراہوں پر مسافر بسوں اور کوچز کو تلاشی کے نام پر گھنٹوں کھڑا رکھنے، مسافروں اور بس عملے کی بدترین تذلیل اور ہراسانی کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس عمل نے ٹرانسپورٹرز اور عوام دونوں کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی کے نام پر غیر ضروری تاخیر اور نامناسب رویہ نہ صرف مسافروں کیلئے اذیت کا باعث بن رہا ہے بلکہ ٹرانسپورٹ کے کاروبار کو بھی شدید نقصان پہنچا رہا ہے۔ عبد الباری مشوانی نے کہا کہ قومی شاہراہوں پر مختلف چیک پوسٹس پر بسوں کو طویل وقت تک روکنا کسی صورت قابل قبول نہیں، خاص طور پر ایسے مواقع پر جب خواتین، بزرگ اور بیمار مسافر شدید مشکلات اور ذہنی اذیت کا شکار ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹرانسپورٹرز پہلے ہی مہنگائی، پٹرولیم مصنوعات کی بڑھتی ہوئی قیمتوں اور دیگر معاشی مسائل سے پریشان ہیں، ایسے حالات میں مزید رکاوٹیں کھڑی کرنا سراسر ناانصافی ہے۔انہوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا کہ قومی شاہراہوں پر چیکنگ کے نظام کو بہتر، منظم اور موثر بنایا جائے تاکہ مسافروں اور ٹرانسپورٹرز کو غیر ضروری پریشانی سے بچایا جا سکے۔عبد الباری مشوانی نے اپیل کی کہ ٹرانسپورٹرز کو عزت و وقار کے ساتھ اپنا کاروبار جاری رکھنے دیا جائے اور متعلقہ ادارے ان کے ساتھ تعاون کریں تاکہ عوام کو بہتر اور بروقت سفری سہولیات فراہم کی جا سکیں۔