مقامی ۱۹ مئی ۲۰۲۶

وندر کے قریب قومی شاہراہ پر تیل بردار کوچ میں اچانک ہولناک آگ، گاڑی جل کر مکمل خاکستر

وندر ((روزنامہ صداقت انٹرنیشنل))لسبیلہ کے ساحلی شہر وندر کے قریب مین قومی شاہراہ این-25 پر مولانا پمپ کے مقام پر ایک تیل بردار کوچ میں اچانک ہولناک آگ بھڑک اٹھی، جس کے نتیجے میں گاڑی جل کر مکمل طور پر خاکستر ہو گئی۔ خوش قسمتی سے کوچ میں موجود ڈرائیور اور کلینر بروقت باہر نکلنے میں کامیاب ہو گئے جس کے باعث کوئی جانی نقصان نہیں ہوا اور دونوں محفوظ رہے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق، آگ لگنے کی وجہ گاڑی میں اچانک ہونے والا شارٹ سرکٹ بتایا جاتا ہے، جس نے دیکھتے ہی دیکھتے پوری کوچ کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی وندر پولیس، موٹر وے پولیس اور میونسپل کمیٹی وندر کی فائر بریگیڈ کی گاڑیاں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں اور ہنگامی بنیادوں پر امدادی کارروائیاں شروع کرتے ہوئے آگ پر پوری طرح قابو پا لیا، تاہم اس دوران کوچ مکمل طور پر تباہ ہو چکی تھی۔ اس اچانک حادثے کے باعث قومی شاہراہ پر ٹریفک کی روانی بھی کچھ دیر کے لیے بری طرح متاثر رہی، جسے بعد میں پولیس نے بحال کرایا۔واضح رہے کہ اس وقت مکران ٹو کراچی اور لسبیلہ ٹو کراچی روٹ پر چلنے والی متعدد مسافر بسوں میں مبینہ طور پر ایرانی تیل کی اسمگلنگ کا خطرناک سلسلہ بلا روک ٹوک جاری ہے، جو کسی بھی وقت بڑے حادثے اور بیش قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع کا سبب بن سکتا ہے۔ وندر کے عوامی و سماجی حلقوں نے متعلقہ اعلی حکام اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ مسافروں کی زندگیوں سے کھیلنے والے اس غیر قانونی عمل اور تیل اسمگلنگ کے خلاف فوری طور پر سخت اور مثر کریک ڈان کیا جائے۔