مقامی ۲۴ جولائی ۲۰۲۶

وزیراعلیٰ بلوچستان کی مولانا عبدالواسع سے ملاقات، امن و امان اور سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال

کوئٹہ(ویب نیوز)وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے جمعیت علمائے اسلام کے صوبائی امیر مولانا عبدالواسع سے ملاقات کر کے صوبے میں امن و امان، سیاسی و سماجی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ ملاقات کے دوران وزیراعلیٰ نے کہا کہ بلوچستان میں پائیدار امن حکومت کی اولین ترجیح ہے اور دہشت گردی کے خلاف پوری قوم کو متحد ہو کر کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت عوام کے جان و مال کے تحفظ، قانون کی حکمرانی، ترقی اور خوشحالی کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔ اس موقع پر مولانا عبدالواسع نے بھی اس بات پر زور دیا کہ بلوچستان کے مسائل کا حل باہمی مشاورت، سیاسی ہم آہنگی اور قومی یکجہتی میں مضمر ہے اور تمام سیاسی قوتوں کو مشترکہ کوششیں کرنا ہوں گی۔