لاہور (ویب نیوز) وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی نے وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر دو بند ٹرینیں بحال کرنے کا اعلان کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ موہنجو دڑو ایکسپریس 15 ستمبر جبکہ سیالکوٹ اور راولپنڈی کے درمیان ٹرین 15 اکتوبر سے دوبارہ چلائی جائے گی۔ ریلوے انتظامیہ کو دونوں ٹرینوں کی بحالی کے لیے ضروری اقدامات کی ہدایت کردی گئی ہے۔ حنیف عباسی نے کہا کہ مرحلہ وار تمام بند ٹرینیں بحال کی جائیں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ ایم ایل ون منصوبے پر کام آخری مرحلے میں ہے اور منصوبے کا آغاز جنوری میں طے ہے، جس سے پاکستان ریلوے میں نمایاں تبدیلی آئے گی۔ وزیراعظم منصوبے پر مسلسل پیش رفت سے آگاہی حاصل کر رہے ہیں اور حکومت ان کی توقعات پر پورا اترنے کے لیے اقدامات کررہی ہے۔
