مقامی ۱۰ جون ۲۰۲۶

وحدت کالونی سانحہ: معاون داخلہ بابر خان یوسفزئی کی عوام سے اپیل، نامزد ملزمان گرفتار، ایک سرکاری ملازم معطل

کوئٹہ(ویب نیوز) وزیراعلی بلوچستان کے معاونِ خصوصی برائے داخلہ بابر خان یوسفزئی نے وحدت کالونی کوئٹہ میں پیش آنے والے افسوسناک خاندانی سانحے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے عوام سے پرزور اپیل کی ہے کہ وہ کسی بھی قسم کے سماجی دبا، ہراسانی یا بلیک میلنگ کی صورت میں کوئی بھی انتہائی قدم اٹھانے یا مایوس ہونے کے بجائے فوری طور پر حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے رابطہ کریں۔ اپنے ایک خصوصی ویڈیو پیغام میں بابر خان یوسفزئی نے کہا کہ گزشتہ روز ایک نہایت دلخراش واقعہ پیش آیا جس میں محمد آصف نامی شخص نے مبینہ طور پر اپنے بچوں کو قتل کرنے کے بعد خودکشی کر لی۔ انہوں نے بتایا کہ مرحوم کی جانب سے خودکشی سے قبل ایک ویڈیو بھی ریکارڈ کی گئی تھی جس میں انہوں نے بعض ہمسایوں کی جانب سے مبینہ طور پر شدید تنگ کیے جانے اور بلیک میلنگ کا ذکر کیا تھا۔معاون برائے داخلہ نے پیشرفت بتاتے ہوئے واضح کیا کہ واقعے میں نامزد تمام ملزمان کو پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے گرفتار کر لیا ہے جبکہ واقعے کی اعلی سطح پر مکمل انکوائری اور تحقیقات جاری ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ایک نامزد ملزم سرکاری ملازم ہے جسے حکومتِ بلوچستان کی جانب سے فوری طور پر معطل بھی کیا جا چکا ہے اور انکوائری کی روشنی میں مزید سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے عوام سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ اگر کسی شخص کو معاشرے، محلے یا کسی بھی سطح پر ہراسانی یا زیادتی کا سامنا ہو تو وہ خودکشی یا اپنے اہل خانہ کو نقصان پہنچانے کے بجائے فوری طور پر محکمہ داخلہ کے خصوصی کمپلینٹ سیل یا وزیراعلی شکایات سیل سے رجوع کرے جہاں شہریوں کی شناخت صیغہ راز میں رکھ کر فوری داد رسی کی جاتی ہے۔ انہوں نے خواتین کے تحفظ کے حوالے سے خصوصی پیغام دیتے ہوئے کہا کہ وزیراعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی واضح ہدایات ہیں کہ صوبے کی مائیں، بہنیں اور بیٹیاں حکومت کی “ریڈ لائن” ہیں اور ان کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، ہراساں کرنے والے عناصر کے خلاف آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔