مقامی ۱۶ مئی ۲۰۲۶

وائس چانسلریونیورسٹی ملازمین کے مسائل حل کرائیں‘نصیب اللہ بازئی

کوئٹہ( اے این این)سردار بہادر خان وویمن یونیورسٹی ایمپلائز ایسوسی ایشن کے صدرنصیب اللہ بازئی نے یونیورسٹی کی وائس چانسلر محترمہ ڈاکٹر روبینہ مشتاق صاحبہ کو ایک خط کے ذریعے ملازمین کے مسائل بارے آگاہ کیا۔خط کے متن کے مطابق نصیب اللہ بازئی نے کہا کہ ملازمین ہمیشہ ادارے کی ترقی، نظم و ضبط اور تعلیمی ماحول کی بہتری کیلئے اپنی خدمات احسن طریقے سے انجام دیتے آئے ہیں،ہم اس امر کی نشاندہی کرنا چاہتے ہیں کہ ملازمین کے بنیادی حقوق اور جائز مطالبات کی پاسداری یونیورسٹی انتظامیہ کی ذمہ داری ہے،گزشتہ کئی سالوں سے عیدالاضحی کے موقع پر یونیورسٹی ملازمین کو بونس دیا جاتا رہا ہے، جو کہ ملازمین کی معاشی مشکلات کو کم کرنے میں معاون ثابت ہوتا تھا تاہم رواں سال بدقسمتی سے ملازمین کو اس حق سے محروم رکھا جا رہا ہے، جس پر تمام ملازمین میں شدید تشویش پائی جاتی ہے۔اس حوالے سے سردار بہادر خان وویمن یونیورسٹی ایمپلائز ایسوسی ایشن دو ہزار چھ کی سنڈیکیٹ میٹنگ میں کیے گئے فیصلوں اور ملازمین کے فلاحی امور سے متعلق پالیسیوں کا حوالہ دیتے ہوئے انتظامیہ سے مطالبہ کرتی ہے کہ ملازمین کو ان کا جائز حق فوری طور پر دیا جائے،اگر ہمارے مطالبات پر فوری توجہ نہ دی گئی توہم بروز سوموار ایک پُرامن احتجاج کریں گے ، ہمارا احتجاجی دھرنا بنیادی حقوق کے حصول تک جاری رہے گا۔ہم امید کرتے ہیں کہ یونیورسٹی انتظامیہ ملازمین کے مسائل حل کرنے بارے سنجیدگی کا مظاہرہ کرے گی اور بروقت اقدامات اٹھاتے ہوئے اس مسئلے کو خوش اسلوبی سے حل کرے گی۔