مقامی ۱۲ اگست ۲۰۲۶

نیشنل پارٹی کو تمپ میں بڑا سیاسی دھچکا، متعدد کارکن پارٹی چھوڑ کر پیپلز پارٹی میں شامل

تربت(ویب نیوز)نیشنل پارٹی تمپ کے متعدد کارکنوں نے پارٹی سے استعفے دینے کے بعد پاکستان پیپلز پارٹی میں شمولیت کا اعلان کردیا۔ تربت کے رند ہاؤس میں شمولیتی تقریب منعقد ہوئی، جس میں مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے میر اصغر رند کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیار کی۔ نئے شامل ہونے والوں میں کوہڑ سے سید صدیق صالح، محمد جان، بالیچہ تلکان سے آدینہ داد محمد جبکہ بالیچہ زمران بازار سے جلیل احمد، رحمت اللہ اور دیگر افراد شامل ہیں۔ نئے ارکان نے اپنے اہل خانہ اور ساتھیوں سمیت پیپلز پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔ کوہڑ کے سید صدیق صالح ولد حاجی صالح اپنے پورے خاندان سمیت پارٹی میں شامل ہوئے، جبکہ واجہ رحمت اللہ، حاجی صالح، محمد جان، عابد علی، اسلام صالح، عامر علی، حمل خالد، اسد محمد جان، محمد اقبال، باسد، عارف، محیب، آرمین اور مہران بھی ان کے ہمراہ شامل ہوئے۔ بالیچہ تلکان سے واجہ آدینہ ولد داد محمد نے بھی اپنے خاندان سمیت پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیار کی جبکہ ماجد اور مروان بھی ان کے ساتھ پارٹی میں شامل ہوئے۔ بالیچہ زمران بازار سے جلیل احمد ولد رحمت اللہ نے بھی اپنے خاندان سمیت پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا، جبکہ تنویر، عثمان اور شہداد بھی ان کے ہمراہ پیپلز پارٹی کا حصہ بن گئے۔ نئے شامل ہونے والے افراد نے کہا کہ باہمی مشاورت اور سیاسی فیصلے کے بعد انہوں نے نیشنل پارٹی سے استعفا دے کر پیپلز پارٹی میں شمولیت کا فیصلہ کیا اور وہ پیپلز پارٹی کی قیادت اور میر اصغر رند کی سیاسی جدوجہد سے متاثر ہوئے ہیں۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اور صوبائی پارلیمانی سیکریٹری برائے توانائی میر اصغر رند نے نئے شامل ہونے والے افراد کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ان پر اعتماد کیا ہے اور وہ ان کے اعتماد کو کبھی ٹھیس نہیں پہنچائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ نئے ساتھیوں کو پارٹی میں عزت و احترام دیا جائے گا اور ان کے مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن تعاون کیا جائے گا۔ میر اصغر رند نے دعویٰ کیا کہ نئے افراد کی شمولیت سے پی بی 28 کے حلقے میں پیپلز پارٹی مزید مضبوط اور فعال ہوگی، جبکہ پارٹی عوامی مسائل کے حل اور علاقے کی ترقی کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گی۔