مقامی ۱۵ اگست ۲۰۲۶

نوجوان نسل کو مغربی ثقافت کی اندھی تقلید سے بچانا ضروری ہے؛ جمعیت علمائے اسلام کوئٹہ

کوئٹہ(ویب نیوز)جمعیت علمائے اسلام ضلع کوئٹہ کے امیر شیخ الحدیث مولانا عبدالرحمن رفیق، ضلعی جنرل سیکریٹری حاجی عین اللہ شمس، سینئر نائب امیر مولانا خورشید احمد اور دیگر رہنماؤں نے کہا ہے کہ مغربی ثقافت کے بڑھتے ہوئے اثرات کے باعث نوجوان نسل اپنی دینی، اخلاقی اور ثقافتی شناخت سے دور ہورہی ہے، جس پر والدین، علما اور معاشرے کے ذمہ دار افراد کو سنجیدگی سے توجہ دینی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ مغربی ثقافت کی اندھی تقلید نوجوانوں کے لیے فکری، اخلاقی اور سماجی طور پر نقصان دہ ثابت ہوسکتی ہے، اس لیے نوجوانوں کو مغربی طرز زندگی سے متاثر ہونے کے بجائے اپنے دین، اسلامی اقدار اور اسلاف کی روایات سے مضبوط تعلق قائم رکھنا چاہیے۔ ان کے مطابق ٹیلی وژن چینلز، ڈراموں، فلموں، سوشل میڈیا اور دیگر ذرائع ابلاغ کے ذریعے مغربی ثقافت اور طرز زندگی مسلم معاشروں میں تیزی سے پھیل رہا ہے، جس کے اثرات بالخصوص نوجوان نسل کی سوچ اور زندگی میں نمایاں ہیں۔ رہنماؤں نے کہا کہ اسلامی ثقافت حیا، پاکیزگی، انسانی احترام اور اعلیٰ اخلاقی اقدار کی محافظ ہے جبکہ اسلامی تاریخ کی عظیم شخصیات نوجوانوں کے لیے کردار، علم، تقویٰ اور خدمتِ خلق کی بہترین مثالیں ہیں۔ انہوں نے علما پر زور دیا کہ وہ وقت کی حساسیت کو سمجھتے ہوئے صرف مساجد اور مدارس تک محدود نہ رہیں بلکہ نوجوانوں کی فکری و اخلاقی تربیت، رہنمائی اور اصلاح کے لیے معاشرے میں مؤثر اور منظم کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کی درست دینی اور اخلاقی تربیت ایک باکردار اور مضبوط معاشرے کی بنیاد ہے۔