مقامی ۲۲ اگست ۲۰۲۶

نوجوان نسل تعلیم کو اپنی ترجیح بنائے، زرک مندوخیل

کوئٹہ (ویب نیوز) بلوچستان اسمبلی کے رکن شیخ زرک خان مندوخیل نے کہا ہے کہ صوبے کے نوجوان ہماری اصل سرمایہ ہیں اور ان کے بہتر مستقبل کے لیے تعلیم، روزگار اور کھیلوں کے مواقع فراہم کرنا حکومت اور عوامی نمائندوں کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے دور دراز علاقوں میں تعلیمی اداروں اور بنیادی سہولیات کی کمی سب سے بڑا چیلنج ہے اور وہ اسمبلی میں مسلسل اس مسئلے کو اجاگر کر رہے ہیں تاکہ نوجوانوں کو معیاری تعلیم کے ساتھ پیشہ ورانہ مہارتیں سکھانے کے لیے فنی تربیتی مراکز قائم کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ بے روزگاری نوجوانوں کے لیے سب سے بڑا مسئلہ ہے اور اس کا حل صوبے میں ترقیاتی منصوبوں کا آغاز ہے، جس سے ایک طرف مقامی لوگوں کے لیے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے اور دوسری جانب معیشت مضبوط ہوگی۔ شیخ زرک خان مندوخیل نے یقین دلایا کہ نوجوانوں کی خوشحالی اور عوامی مسائل کے حل کے لیے وہ اپنی سیاسی جدوجہد جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کھیلوں کے فروغ سے نوجوانوں میں مثبت سرگرمیوں کو تقویت ملتی ہے، اسی لیے وہ اپنے حلقے میں کھیل کے میدانوں اور اسپورٹس کمپلیکسز کے قیام کے لیے کوششیں کر رہے ہیں۔ ان کی خواہش ہے کہ بلوچستان کے نوجوان قومی اور بین الاقوامی سطح پر اپنی صلاحیتیں منوائیں۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ تعلیم کو اپنی ترجیح بنائیں اور نوجوان نسل کو بہتر مستقبل کے لیے تیار کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر آج تعلیم اور روزگار پر سرمایہ کاری کی جائے تو مستقبل کا بلوچستان ایک خوشحال اور ترقی یافتہ صوبہ بن سکتا ہے۔