مقامی ۱۴ مئی ۲۰۲۶

نمائش پاکستان اورجاپان کے لوگوں کے درمیان باہمی رابطے کا بہترین ذریعہ ہے،راحیلہ حمید درانی

کوئٹہ(روزنامہ صداقت انٹرنیشنل )صوبائی وز یر تعلیم راحیلہ حمید خان درانی نے کہا ہے کہ جاپانی کیلنڈرز کی نمائش جاپان کی خوبصورتی اورحقیقی زندگی کی عکاسی کرتے ہیں ،یہ نمائش پاکستان اورجاپان کے لوگوں کے درمیان باہمی رابطے کا بہترین ذریعہ ہے اوراس سے مختلف شعبوں میں جاپان کی ترقی کاا ندازہ ہوتا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاک جاپان فرینڈ شپ سوسائٹی کوئٹہ بلوچستان اور جاپان قونصلیٹ کراچی کے تعاون سے جاپان کلچر سینٹر کوئٹہ میں منعقد ہونے والی جاپانی کیلنڈرزنمائش دیکھنے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔جاپان کے اعزازی قونصل جنرل برائے کوئٹہ بلوچستان سید ندیم عالم شاہ کی اہلیہ سابق صدر کوئٹہ چلتن لائنز کلب خدیجہ ندیم نے کہا کہ جاپانی کیلنڈرز کی نمائش کا مقصدجاپانی طرززندگی اورثقافت کوپاکستانیوں میں متعارف کرانا ہے،جاپان میں نئے سال کے آغازمیں لوگ ایک دوسرے کوکیلنڈروں کا تحفہ بھیجتے ہیں، جاپانی ثقافت و تہذیب پر مبنی نئے سال کے جاپانی کیلنڈرزکی نمائش سے پاکستانی لوگوں کو جاپانی کلچر سے واقفیت حاصل ہوگی جبکہ پاکستان اور جاپان کے ثقافتی رشتے مزید مضبوط ہوں گے۔ سابق صدر کوئٹہ چلتن لائنز کلب خدیجہ ندیم نے کہا کہ جاپان کے ہر شعبہ زندگی کی نمائندگی کرتے ہوئے موضوعات کی تصاویروں والے کیلنڈرز جاپانی معاشرے میں وقت، موسموں اور فطرت کے ساتھ ہم آہنگی کے تصور کی عکاسی کرتے ہیں،جاپانی کیلنڈرز نمائش حقیقت میں جاپان کی تہذیبی روح، فنی نزاکت اور وقت کے ساتھ اس کے گہرے تعلق کی ایک جیتی جاگتی تصویر ہے،عام تصور میں کیلنڈر محض تاریخوں کی ترتیب اور دنوں کی گنتی کا ایک ذریعہ ہوتا ہے مگر جاپانی روایت میں یہ محض ایک عملی شے نہیں بلکہ ایک تخلیقی اظہار ہے اس نمائش میں پیش کیے گئے جاپانی کیلنڈرز اس تصور کو ایک نئے زاویے سے روشناس کراتے ہیںہر کیلنڈر وقت کو صرف شمار نہیں کرتا بلکہ اسے محسوس کرنے، جینے اور سمجھنے کی دعوت دیتا ہے یہ کیلنڈرز فطرت کے مختلف رنگوں کو اپنے اندر سمیٹے ہوئے ہیں۔ سابق صدر کوئٹہ چلتن لائنز کلب خدیجہ ندیم نے کہا کہ نمائش میں موجود کیلنڈرز کے رنگوں کا محتاط انتخاب، خالی جگہوں کا بامعنی استعمال اور تصاویر کی متوازن ترتیب ایک ایسا بصری سکون پیدا کرتی ہے جو دیکھنے والے کو لمحہ بھرکیلئے ٹھہرنے اور سوچنے پر مجبور کر دیتا ہے۔ یہ فن ہمیں سکھاتا ہے کہ خوبصورتی شور میں نہیں بلکہ خاموشی میں بھی پنہاں ہو سکتی ہے یہ نمائش ہمیں یاد دلاتی ہے کہ دنیا کی مختلف ثقافتیں زندگی کو مختلف انداز میں سمجھتی اور بیان کرتی ہیں،جاپانی کیلنڈرز کے ذریعے وقت کو ایک فن پارے میں ڈھال دینا انسانی تخلیق کی ایک شان دار مثال ہے۔