نصیرآباد ((وېب نيوز)بلوچستان کے ضلع نصیرآباد میں بجلی کے ترسیلی نظام کو ایک بڑے دھچکے کا سامنا کرنا پڑا ہے، جہاں نامعلوم عناصر نے گوٹھ شیر دل بگٹی کے قریب اوچ پاور پلانٹ سے نیشنل گرڈ اسٹیشن کو بجلی فراہم کرنے والے اہم ٹرانسمیشن ٹاور کو دھماکہ خیز مواد کے ذریعے تباہ کر دیا، جس کے نتیجے میں بجلی کی ترسیل کا نظام شدید متاثر ہوا اور متعدد علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔ پولیس حکام کے مطابق واقعہ نصیرآباد کے علاقے گوٹھ شیر دل بگٹی کے قریب پیش آیا، جہاں تخریب کاروں نے بجلی کے ٹاور کے نیچے دھماکہ خیز مواد نصب کیا تھا، دھماکے کی شدت کے باعث بجلی کا ٹاور زمین بوس ہو گیا جس سے اوچ پاور پلانٹ سے نیشنل گرڈ اسٹیشن کو فراہم کی جانے والی بجلی کی سپلائی فوری طور پر معطل ہو گئی۔ واقعے کے بعد سیکیورٹی فورسز نے جائے وقوعہ کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کرنے اور تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے، جبکہ ابتدائی شواہد کے مطابق دھماکہ خیز مواد منصوبہ بندی کے تحت ٹاور کے نیچے نصب کیا گیا تھا تاکہ بجلی کے ترسیلی نظام کو نقصان پہنچایا جا سکے۔یو این اے کے مطابق ٹاور کے گرنے سے بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی میں خلل پیدا ہوا اور گرمی کے موسم میں صارفین کو اچانک بجلی کی بندش سے شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ دوسری جانب کیسکو ذرائع کے مطابق واقعے کی اطلاع ملتے ہی محکمہ کے انجینئرز، تکنیکی ماہرین اور خصوصی مرمتی ٹیمیں متاثرہ مقام پر روانہ کر دی گئیں جو نقصان کا تخمینہ لگانے اور تباہ شدہ ٹاور کی بحالی کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کر رہی ہیں۔ کیسکو ذرائع نے بتایا کہ بجلی کی فراہمی کی مکمل بندش سے بچنے کے لیے متبادل ذرائع سے بجلی کی سپلائی بحال کرنے کے اقدامات کیے گئے، جس کے نتیجے میں متاثرہ علاقوں میں مرحلہ وار بجلی بحال کر دی گئی ہے، تاہم مستقل بحالی کے لیے تکنیکی کام جاری ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ اس تخریب کاری میں ملوث عناصر کی نشاندہی کے لیے تحقیقات کا دائرہ وسیع کر دیا گیا ہے اور علاقے میں سرچ آپریشن کیا جا رہا ہے، جبکہ کیسکو حکام نے صارفین کو یقین دہانی کرائی ہے کہ ترسیلی نظام کی مکمل بحالی کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔
