کوئٹہ(ویب ڈیسک) اہل سنت و جماعت کے رہنما اور فیضان اولیا کے بانی ذوالفقار علی طارقی قادری نے کہا ہے کہ ناموسِ رسالت ﷺ کی حفاظت صرف نعروں اور جذباتی اظہار تک محدود نہیں ہونی چاہیے بلکہ ہر مسلمان کی عملی زندگی میں بھی اس کا اظہار ہونا چاہیے۔ آستانہ عالیہ فیضان اولیا میں چھٹی روضہ کے محفل کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جمعہ 21 اگست کو تحریک لبیک پاکستان کوئٹہ ڈویژن کے زیر اہتمام عید میلادالنبی ﷺ کے سلسلے میں عظیم الشان موٹرسائیکل و کار ریلی گاہی خان چوک سے سہ پہر 3 بجے شروع ہو کر منان چوک پر اختتام پذیر ہوگی۔ انہوں نے تمام عاشقانِ رسول ﷺ سے ریلی میں بھرپور شرکت کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ناموسِ رسالت ﷺ کا تحفظ ہر مسلمان کے ایمان کا حصہ ہے اور آج کے فتنوں سے بھرے دور میں امت مسلمہ کو سب سے بڑھ کر عشقِ رسول ﷺ اور سنتِ نبوی ﷺ کی پیروی کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ناموسِ رسالت ﷺ کی حفاظت کا حقیقی تقاضا یہ ہے کہ مسلمان اپنی زندگیوں میں رسول اکرم ﷺ کی سیرت کو عملی طور پر اپنائیں، سنتوں کو عام کریں اور ہر حال میں حضور اکرم ﷺ کی عزت و حرمت کے محافظ بن کر رہیں۔ ذوالفقار طارقی نے کہا کہ نئی نسل کو عشقِ رسول ﷺ اور ایمانی غیرت کا درس دینا ضروری ہے تاکہ ان کے دلوں میں بھی ناموسِ مصطفیٰ ﷺ کا چراغ ہمیشہ روشن رہے۔
