کوئٹہ (ویب نیوز) ایرانی فوج کے ترجمان بریگیڈیئر جنرل محمد اکرمینیا نے خبردار کیا ہے کہ اگر نئی جنگ شروع ہوئی تو اس کا دائرہ مغربی ایشیا تک محدود نہیں رہے گا۔ ایرانی ذرائع ابلاغ کے مطابق انہوں نے کہا کہ امریکی تنصیبات، فوجی سازوسامان، افواج اور مفادات جہاں بھی قابل رسائی ہوں گے، انہیں نشانہ بنایا جا سکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ آئندہ جنگ گزشتہ جنگ سے زیادہ طویل ہوسکتی ہے اور ایران نے اپنی دفاعی حکمت عملی میں تبدیلی کا عمل پہلے ہی شروع کر دیا ہے۔ یہ بیان ایرانی رہبر اعلیٰ کی جانب سے فوجی کمانڈروں کو کسی بھی خطرے کا فوری جواب دینے کی ہدایت کے بعد سامنے آیا ہے۔
