کوئٹہ(ویب نیوز)جمعیت علمائے اسلام شیخ ماندہ حلقے کے عصمت اللہ شہید یونٹ کے صدر مولانا محمد صادق، جنرل سیکریٹری سید امان اللہ آغا، قاری زین الدین، مولوی محمد نبی، مولانا الطاف شاہ اور دیگر رہنماؤں نے مین ایئرپورٹ روڈ پر ٹریفک کے لیے قائم یوٹرن کٹ بند کیے جانے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس اقدام سے شہریوں کی مشکلات میں اضافہ ہوگیا ہے۔ ان کے مطابق یوٹرن بند ہونے کے باعث علاقے کے رہائشیوں اور دیگر شہریوں کو آمدورفت کے دوران شدید مشکلات کا سامنا ہے اور معمولی فاصلے کے لیے بھی انہیں دور واقع یوٹرن تک جاکر واپس آنا پڑتا ہے، جس سے وقت اور ایندھن ضائع ہونے کے ساتھ سڑک پر ٹریفک کا دباؤ بھی بڑھ گیا ہے۔ جے یو آئی رہنماؤں نے کہا کہ مین ایئرپورٹ روڈ سے متصل آبادیوں کے رہائشی خاص طور پر اس غیر ضروری اور نامناسب انتظامی اقدام سے متاثر ہوئے ہیں۔ انہوں نے ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا کہ کاروان پٹرول پمپ کے قریب مین ایئرپورٹ روڈ کا یوٹرن کٹ فوری طور پر دوبارہ کھولا جائے تاکہ شہریوں کی مشکلات کم ہوں، غیر ضروری سفر سے بچا جاسکے اور ٹریفک کی روانی بہتر بنائی جاسکے۔
