مقامی ۶ اگست ۲۰۲۶

مہنگائی، بجلی اور پٹرول کی بلند قیمتوں نے عوام اور کسانوں کا جینا دشوار کر دیا، حافظ محمد صدیق مدنی

کوئٹہ(ویب نیوز)جمعیت علمائے اسلام چمن بلوچستان کے رہنما حافظ محمد صدیق مدنی نے کہا ہے کہ ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی، بجلی، گیس اور پٹرولیم مصنوعات کی بلند قیمتوں، بے روزگاری اور معاشی بدحالی نے عام شہری، مزدور، کسان اور متوسط طبقے کی زندگی شدید مشکلات سے دوچار کر دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت محض اعداد و شمار کی بنیاد پر معاشی بہتری کے دعوے کرنے کے بجائے عوام کو عملی ریلیف فراہم کرے، زرعی اخراجات میں کمی لائے، کسانوں کو فصلوں کی مناسب قیمت اور مزدوروں کو مہنگائی کے تناسب سے اجرت فراہم کرے۔ انہوں نے مزید کہا کہ عوام سے وصول کیے جانے والے ٹیکس قومی امانت ہیں اور انہیں تعلیم، صحت، روزگار اور عوامی فلاح پر خرچ کیا جانا چاہیے، جبکہ معاشی بحران سے نکلنے کے لیے عام آدمی پر مزید بوجھ ڈالنے کے بجائے غیر ضروری سرکاری اخراجات کم کرکے منصفانہ معاشی پالیسیاں اختیار کی جائیں۔