کوئٹہ(ویب نیوز)بلوچستان یونین آف جرنلسٹس (بی یو جے)نے نجی ٹی وی چینل کے لیے ضلع موسی خیل سے فرائض انجام دینے والے صحافی لالا اسرافیل کے بہیمانہ قتل کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے واقعے کی شفاف، غیر جانبدار اور جامع تحقیقات کا پرزور مطالبہ کیا ہے۔ بی یو جے کے صدر منظور احمد رند، جنرل سیکرٹری شاہ حسین ترین اور کابینہ کے دیگر ارکان نے اپنے مشترکہ بیان میں صحافی لالا اسرافیل کے قتل پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس افسوسناک واقعے نے نہ صرف مقتول کے اہل خانہ بلکہ پوری صحافتی برادری کو شدید سوگوار اور تشویش میں مبتلا کر دیا ہے؛ بلوچستان میں ایک اور صحافی کا قتل آزادی صحافت اور صحافیوں کے تحفظ سے متعلق حکومتی دعووں پر سنگین سوالات کھڑے کرتا ہے۔بی یو جے کے جنرل سیکرٹری شاہ حسین ترین کی جانب سے جاری کردہ بیان میں وزیراعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی اور صوبائی وزیر داخلہ میر ضیا اللہ لانگو سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ واقعے کے تمام پہلوں کا باریک بینی سے جائزہ لیتے ہوئے اعلی سطح پر شفاف تحقیقات کرائی جائیں، قتل کے اصل محرکات اور پس پردہ عناصر کو فوری بے نقاب کیا جائے اور ملوث ملزمان کو قانون کے کٹہرے میں لا کر کیفرِ کردار تک پہنچایا جائے۔ رہنماں نے کہا کہ صحافیوں کے خلاف بڑھتے ہوئے تشدد اور قاتلانہ حملوں نے صحافتی برادری میں شدید بے چینی اور عدم تحفظ کا احساس پیدا کر دیا ہے، جس کے خلاف بلوچستان یونین آف جرنلسٹس خاموش نہیں بیٹھے گی اور اس سانحے پر جلد ہی اپنے آئندہ کے سخت لائحہ عمل کا اعلان کرے گی۔ بیان کے آخر میں مقتول صحافی کے لواحقین سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کے درجات کی بلندی کے لیے دعا بھی کی گئی۔
