مقامی ۲۳ مئی ۲۰۲۶

موجودہ حکومت پشتون دشمن پالیسیوں پر گامزن ہے، پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی

کوئٹہ: پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی نے موجودہ صوبائی حکومت کو تاریخ کی بدترین، غیر جمہوری اور پشتون دشمن حکومت قرار دیتے ہوئے الزام عائد کیا ہے کہ گزشتہ ڈھائی برسوں میں پشتون عوام کو سیاسی، انتظامی، معاشی اور آئینی طور پر کمزور کرنے کے لیے مسلسل اقدامات کیے گئے۔ پارٹی کے مرکزی سیکریٹریٹ سے جاری پریس ریلیز میں کہا گیا کہ ڈویژنز، اضلاع، بجٹ، ترقیاتی منصوبوں، سرکاری ملازمتوں اور وسائل کی تقسیم غیر منصفانہ بنیادوں پر کی جا رہی ہے جس سے پشتون عوام میں احساس محرومی بڑھ رہا ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ نئے اضلاع اور ڈویژنز کے قیام میں پشتون علاقوں کو نظرانداز کیا گیا جبکہ کاریزات، مسلم باغ، سنجاوی، ژوب اور میختر تمام شرائط پوری کرتے ہیں۔ پارٹی نے وفاقی حکومت سے فوری مداخلت، صوبے میں پشتون اور بلوچ اقوام کے درمیان مساوی اختیارات اور اعلیٰ آئینی عہدوں پر روٹیشن کی بنیاد پر نمائندگی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ پشتون عوام اس ناانصافی کے خلاف آئینی اور جمہوری جدوجہد جاری رکھیں گے۔