کوئٹہ (ویب نیوز) جمعیت علماء اسلام کے مرکزی اور صوبائی رہنماؤں نے کہا ہے کہ ملک کے موجودہ حالات کے تناظر میں پارٹی سربراہ مولانا فضل الرحمن کا مؤقف 25 کروڑ عوام کے جذبات اور مطالبات کی ترجمانی کرتا ہے، جس کا تمام جمہوری اور عوامی حلقوں نے خیرمقدم کیا ہے۔ یہ بات جمعیت علماء اسلام کے مرکزی سیکریٹری جنرل مولانا عبدالغفور حیدری، مرکزی رہنما حافظ حمداللہ، سابق اپوزیشن لیڈر ملک سکندر خان ایڈووکیٹ اور رکن صوبائی اسمبلی اصغر علی ترین نے اپنے مشترکہ بیان میں کہی۔ انہوں نے کہا کہ اگر سیاستدان کسی ایک فرد کے بجائے عوام کے مفادات کے لیے آواز اٹھائیں تو ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہو سکتا ہے۔ ان کے مطابق ملک کے استحکام اور کامیابی کے لیے ضروری ہے کہ کسی کی خواہش کے بجائے پارلیمان کی بالادستی، عوام کے مفادات اور جمہوریت کی بحالی سے متعلق ان فیصلوں کی حمایت کی جائے جو عوام کے حق میں ہوں، جبکہ ان فیصلوں کی کھل کر مخالفت کی جائے جو عوام اور جمہوریت کے خلاف ہوں۔ انہوں نے کہا کہ جمعیت علماء اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمن آج بھی ملک کے مفادات کی بات کر رہے ہیں اور آئندہ بھی ملک کے مفاد کے لیے اپنی آواز بلند کرتے رہیں گے۔
