مقامی ۲۴ اگست ۲۰۲۶

ملکی ترقی اور خوشحالی بلوچستان سے وابستہ ہے، جمال شاہ کاکڑ

سبی (ویب نیوز) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صوبائی جنرل سیکرٹری اور رکن قومی اسمبلی سید جمال شاہ کاکڑ نے کہا ہے کہ ملک کی ترقی اور خوشحالی بلوچستان کی ترقی سے وابستہ ہے اور مسلم لیگ (ن) بلوچستان میں عوام کی نمائندگی کرتے ہوئے ان کے مسائل کے حل کے لیے فعال کردار ادا کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں مسلم لیگ (ن) روز بروز ایک مقبول سیاسی جماعت کے طور پر ابھر رہی ہے اور پارٹی و لیبر ونگ کے کارکنوں کے مسائل حل کیے جائیں گے۔ انہوں نے یہ بات مسلم لیگ (ن) لیبر ونگ بلوچستان کے صدر منیر احمد مسوری بگٹی سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر خان موسیٰ خان خجک، میر منظور احمد مگسی، میر ظہور احمد مگسی اور دیگر پارٹی رہنما بھی موجود تھے۔ منیر احمد مسوری بگٹی نے صوبے کے کارکنوں اور پارٹی عہدیداروں کو درپیش مسائل سے آگاہ کرتے ہوئے شکایت کی کہ صوبائی وزیر تعلیم کی جانب سے پارٹی کارکنوں کو مسلسل نظر انداز کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے کارکن پارٹی کا قیمتی اثاثہ ہیں اور انہیں نظر انداز کرنا کسی صورت قابل قبول نہیں۔ سید جمال شاہ کاکڑ نے یقین دلایا کہ وہ ان مسائل پر مرکزی قیادت سے بات کریں گے اور کارکنوں کے مسائل کے حل کے لیے عملی اقدامات یقینی بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی تعمیر و ترقی، عوام کی خوشحالی اور احساس محرومی کا خاتمہ مسلم لیگ (ن) کی اہم ترجیحات میں شامل ہے اور پارٹی رنگ، نسل اور زبان کے امتیاز کے بغیر عوام کی خدمت اور ان کے مسائل کے حل کے لیے دن رات کوشاں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پارٹی کی مثبت پالیسیوں کے باعث بلوچستان ترقی اور خوشحالی کی جانب گامزن ہے اور صوبے کے متعدد مسائل کے حل کے لیے اقدامات کیے گئے ہیں۔ انہوں نے پارٹی کارکنوں پر زور دیا کہ وہ پارٹی کا پیغام ملک کے ہر کونے تک پہنچائیں، جماعت کو مزید فعال بنائیں اور عوامی خدمت کا سلسلہ جاری رکھیں۔