کوئٹہ (ویب نیوز)جمعیت علماء اسلام کے مرکزی جوائنٹ سیکرٹری اور سابق اسپیکر اسمبلی نے کہا ہے کہ ملک میں معاشی ابتری، مہنگائی اور بیروزگاری کی صورتحال انتہائی سنگین ہو چکی ہے اور قومی معیشت وینٹی لیٹر پر ہے۔ کوئٹہ میں جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کی نجکاری، مہنگائی اور عالمی مالیاتی اداروں کی پالیسیوں نے ملک کو تباہی کے دہانے پر پہنچا دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ صورتحال میں بیروزگاری اور مہنگائی میں کمی کے بجائے اضافہ ہو رہا ہے جبکہ اداروں کی نجکاری کا عمل تیزی سے جاری ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ آئی ایم ایف کی پالیسیوں کے تحت ملک کا مسلسل استحصال کیا جا رہا ہے جس سے مزدور اور ملازمین سب سے زیادہ متاثر ہو رہے ہیں۔ ملک سکندر ایڈووکیٹ نے کہا کہ گزشتہ 75 سالوں سے قوم کو ایک کرپٹ نظام کے سپرد کر دیا گیا ہے جس کے نتیجے میں ملک مسلسل معاشی بحران کا شکار ہے۔ ان کے مطابق اشرافیہ کو نوازنے کے لیے عوام پر ٹیکسوں اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے ذریعے دباؤ بڑھایا جا رہا ہے جس سے ملک مزید قرضوں کے بوجھ تلے دب رہا ہے۔
