مقامی ۱۸ اگست ۲۰۲۶

مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ ملک اور صوبے کے لیے ایک ہی پالیسی اپنائی، زرک مندوخیل

کوئٹہ (ویب نیوز) مسلم لیگ (ن) کے رہنما زرک خان مندوخیل نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) واحد سیاسی جماعت ہے جس نے ملک کی ترقی و خوشحالی اور بلوچستان کی آبادکاری و ترقی کے لیے عملی اقدامات کیے ہیں۔ مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی سیاست کا محور عوام کی خدمت اور بنیادی مسائل کا حل ہے۔ زرک خان مندوخیل نے کہا کہ وہ علاقے کے عوام کے مسائل سے بخوبی آگاہ ہیں اور ان کے حل کے لیے ہر ممکن کوششیں جاری ہیں۔ ان کے مطابق علاقے میں ترقیاتی کاموں کو مزید تیز کیا جائے گا اور عوامی مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے ہمیشہ عوام کو سہولیات کی فراہمی، بنیادی ڈھانچے کی بہتری اور ترقیاتی منصوبوں کے فروغ پر توجہ دی ہے، جبکہ صوبے میں جاری منصوبے اس بات کا ثبوت ہیں کہ مسلم لیگ (ن) صرف دعوؤں کے بجائے عملی اقدامات پر یقین رکھتی ہے۔ زرک خان مندوخیل نے کہا کہ عوام کا اعتماد ان کے لیے انتہائی اہمیت رکھتا ہے اور علاقے کی ترقی کے لیے اپنی تمام صلاحیتیں بروئے کار لائیں گے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ مسلم لیگ (ن) عوام کو مایوس نہیں کرے گی اور علاقے کے دیرینہ مسائل کے حل کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گی۔