سبی (ویب نیوز) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما اور رکن قومی اسمبلی سید جمال شاہ کاکڑ نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) بلوچستان سمیت ملک اور عوام کی تعمیر و ترقی، خوشحالی اور معیشت کی مضبوطی کی ضامن ہے، جبکہ موجودہ حکومت کی عوام دوست پالیسیوں کے باعث مہنگائی میں کمی کے اثرات بھی نمایاں ہونا شروع ہو گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان، ترکیہ اور سعودی عرب کے درمیان دفاعی معاہدہ امن، ترقی اور خوشحالی کے حوالے سے تینوں ممالک کے لیے ایک تاریخی سنگ میل ثابت ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) کے مرکزی قائد میاں محمد نواز شریف، وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف اور دیگر مرکزی قائدین کی قیادت میں بلوچستان کے مسائل کے حل کے لیے دن رات کوششیں کی جا رہی ہیں اور وہ اپنی انتخابی حلقے سمیت پورے بلوچستان کے مسائل کے حل کے لیے ہر فورم پر آواز بلند کریں گے۔ انہوں نے یہ بات مسلم لیگ لیبر ونگ کے صوبائی صدر منیر احمد مسوری بگٹی سے گفتگو کرتے ہوئے کہی، جنہوں نے اس موقع پر کوئٹہ اور بلوچستان بھر میں عوام، سرکاری ملازمین اور لیبر ونگ کے کارکنوں کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا اور امید ظاہر کی کہ سید جمال شاہ کاکڑ اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے عوام کے ساتھ ساتھ سرکاری ملازمین اور مزدوروں کے مسائل بھی حل کرانے میں کردار ادا کریں گے۔ سید جمال شاہ کاکڑ نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی قیادت بلوچستان کے مسائل کے حل کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے اور وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں وفاقی حکومت بلوچستان سمیت ملک کو تیز رفتار ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے شب و روز کوشاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت اتحادی جماعتوں کے ساتھ مل کر مزید اقدامات کر رہی ہے، جن کے نتیجے میں محروم طبقات کو جلد مزید ریلیف ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ ملکی تاریخ گواہ ہے کہ جب بھی مسلم لیگ (ن) اقتدار میں آئی، معاشی اصلاحات کے ذریعے ترقی کے عمل کو تیز کیا گیا، جبکہ سی پیک، موٹرویز اور دیگر بڑے منصوبوں کے ثمرات آج بھی عوام حاصل کر رہے ہیں۔ سید جمال شاہ کاکڑ نے کہا کہ وہ سرکاری ملازمین، مزدوروں اور بلوچستان کے عوام کے مسائل سے بخوبی آگاہ ہیں اور بلوچستان کے بیٹے کی حیثیت سے قومی اسمبلی میں پہنچے ہیں، اس لیے صوبے کے مسائل کے حل کے لیے قومی اسمبلی اور مرکزی قیادت کے سامنے آواز اٹھانا ان کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ اپنے انتخابی حلقے اور صوبے بھر میں تعلیم، صحت، صاف پانی، بے روزگاری کے خاتمے اور عوام دوست ترقیاتی منصوبوں کے لیے کوششیں جاری رکھے ہوئے ہیں۔ انہوں نے پاکستان، ترکیہ اور سعودی عرب کے درمیان تین طرفہ دفاعی معاہدے پر تینوں ممالک کے عوام کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ معاہدہ خطے اور تینوں ممالک کے لیے امن، ترقی اور خوشحالی کے حوالے سے ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔
