کوئٹہ (ویب نیوز): مستونگ کے علاقے کھڈکوچہ میں پیش آنے والے اغوا کے واقعے میں کورئیر کمپنی کے دو ڈرائیور تاحال اغوا کاروں کے قبضے میں ہیں، جبکہ ذرائع کے مطابق ملزمان کروڑوں روپے مالیت کا سامان بھی ساتھ لے گئے۔ اطلاعات کے مطابق اغوا کاروں نے دونوں ڈرائیوروں کی رہائی کے لیے ڈھائی کروڑ روپے تاوان کا مطالبہ کیا ہے۔ مغوی ڈرائیوروں کا تعلق ہزارہ برادری سے ہے اور وہ کوئٹہ کے رہائشی ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اغوا کاروں نے تاوان کی عدم ادائیگی کی صورت میں سنگین نتائج کی دھمکیاں بھی دی ہیں، جبکہ قانون نافذ کرنے والے ادارے مغویوں کی بازیابی کے لیے کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔
