کوئٹہ (ویب نیوز) کوئٹہ کے نواحی ضلع مستونگ میں وزیر داخلہ بلوچستان میر ضیاء اللہ لانگو کے سکیورٹی اسکواڈ پر مسلح افراد نے فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں صوبائی وزیر داخلہ محفوظ رہے جبکہ اسکواڈ میں شامل اے ٹی ایف کے 3 اہلکار زخمی ہوگئے۔ سکیورٹی حکام کے مطابق گزشتہ روز قلات سے کوئٹہ روانگی کے دوران وزیر داخلہ کے سکیورٹی اسکواڈ پر حملہ کیا گیا، فائرنگ کے تبادلے میں اے ٹی ایف اہلکار نصر اللہ، سمیع اللہ اور زکریا زخمی ہوئے۔ تمام زخمی اہلکاروں کو نواب غوث بخش ہسپتال مستونگ میں ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد کوئٹہ منتقل کردیا گیا، جہاں انہیں مزید علاج کے لیے طبی سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔ حملے کے بعد سکیورٹی اہلکاروں نے فوری جوابی کارروائی کی جبکہ کوئٹہ سے بھاری نفری جائے وقوعہ کی جانب روانہ کردی گئی۔ واقعے کے بعد علاقے میں سرچ آپریشن شروع کردیا گیا اور سکیورٹی مزید سخت کردی گئی ہے۔ سکیورٹی حکام کا کہنا ہے کہ واقعے میں وزیر داخلہ بلوچستان محفوظ رہے جبکہ زخمی اہلکاروں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جارہی ہیں اور علاقے میں مشتبہ عناصر کی گرفتاری کے لیے کارروائیاں جاری ہیں۔
