کوئٹہ (اسٹاف رپورٹر): میر سرفراز بگٹی نے مستونگ کے علاقے گنجہ ڈھوری میں سی ایم آفس کے اہلکار انعام شاہ اور ان کے بھائی فرید اللہ شاہ کے بہیمانہ قتل کے واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ بلوچستان نے واقعے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام سے رپورٹ طلب کر لی ہے جبکہ ملوث عناصر کی فوری نشاندہی اور گرفتاری کے احکامات بھی جاری کر دیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بے گناہ شہریوں اور سرکاری ملازمین کے قتل میں ملوث عناصر کسی صورت قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکتے اور انہیں ہر صورت کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبائی حکومت امن و امان کے قیام، شہریوں کے تحفظ اور قانون کی بالادستی کیلئے تمام ضروری اقدامات کر رہی ہے اور اس معاملے پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ مستونگ میں پیش آنے والے اس افسوسناک واقعے پر انہوں نے مرحومین کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ انعام شاہ اور فرید اللہ شاہ کو جوارِ رحمت میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور لواحقین کو صبر جمیل دے۔
